Search This Blog

Wednesday, September 3, 2025

چین بہت جلد تمام کرہ ارض پر حکمرانی کرے گا

(یورپ اور ایشیا کو ملانی والی نہر سوئیز کا متبادل زمینی راستہ بناتے ہوئے گوگل سے لی گئی  تصویر)

انسان وہی مضبوط و مشہور  ہوتا ہے جس کی تاریخ پیدائش سے لے کر  تاریخ وفات تک بشمول زندگی کے تمام مراحل کی تاریخیں دنیا یاد رکھے۔کوئی قوم جو تاریخ میں زندہ رہتی ہے اس کا جغرافیہ منفی میں نہیں بلکہ مثبت میں تبدیل ہوتا ہے۔روئے زمیں پر چین ایسا ملک ہے جس کی ایک اپنی مستند تاریخ ریکارڈ پر موجود ہے جس کے باعث اس کا جغرافیہ جس تیز رفتاری سے مثبت سمت میں تبدیل ہو رہا ہے، شاید ہی کوئی اور ملک ایسا ہو۔یوں تو ارتقاء ِ انسانی میں بیشتر اقوام نے اپنے تحفظ کے لئے اپنے ارد گرد دیواریں تعمیر کیں لیکن چین کی دیوار کی مانند دنیا کا عجوبہ کوئی اور دیوار نہ بن سکی ۔اپنے قیام کے  محض ساٹھ سال  بعد اس دیو ہیکل دیوار کو ختم کر کے تمام دنیا کو چین بنانے کا عمل شروع کیا تو دس سال کی قلیل مدت میں معیشت کے گارے سے ایک نیا ورلڈ آرڈر بنانے کا اعلان ایسے موقع پر کیا جب  ملک کا  اسّی سالہ جشن فتح منایا جارہا تھا اور وہ بھی ایسا موقع کہ یونی پولر سپر پاور کے اتحادی بھی اس کا ساتھ چھوڑ کر بیجنگ میں  پچیسویں شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن سَمِٹ 2025   میں شرکت کے لئے  جمع تھے۔

شاہراہِ ریشم سے شروع ہوکر وَن بیلٹ وَن روڈ تک کسی بھی تجارتی راستے کے لئے چین کو نہ تو کوئی جنگ لڑنا پڑی اور نہ ہی کسی کمزور ملک کو فتح کرکے اس پر  اپنا قبضہ جمانا پڑا۔تاریخ میں دیوارِ چین کو اپنی جگہ قائم و دائم چھوڑ کر عملی طور پر  چین نے اپنے تجارتی راستوں کی دیواریں جس طرح گرائی ہیں ان میں اگلا قدم نہر پانامہ اور نہر سویز جیسے غیر یقینی  بوتل کی گردن کی مانند  تجارتی راستے    کے متبادل زمینی  راستے بنانا ہے، جن کی تعمیر شروع ہو چکی ہے اور   تمام تاریخی شواہد کی روشنی میں  یہ بات یقین طور پر کہی جا سکتی ہے کہ چین بہت جلد تمام کرہ ارض پر حکمرانی کرے گا اور وہ بھی بِنا کسی جنگ لڑے۔


 

No comments:

Post a Comment

Archive